کیا آپ جانتے ہیں کہ کون سی سبزی کس بیماری کا علاج کرتی ہے؟

ادرک

بلغمی کھانسی ،نزلہ زکام،دمہ  اور لقوہ میں بہت مفید ہے۔معدے کی کمزوری میں کار آمد ہے ۔بادی اُپھارہ کے تدارک کے لیے یہ ایک موثر دوا کے طور پر بھی کارآمد ہے۔اس کے علاوہ گردوں کی جملہ بیماریوں مثلاَ بڑھا ہوا بلڈ یوریا اور گردوں کی ناقص کارکردگی میں ادرک شافی دوا کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

گاجر

گاجر میں وٹامن اے،بی،سی،فولاد،فاسفورس اور شوگر وغیرہ پائے جاتے ہیں۔گاجر کا رس بینائی کے لیے بہت مفید ہے۔خون پیدا کرنے میں بھی یہ بہت اچھا کام کرتی ہے۔اس کے استعمال سے صاف خون بنتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ خون کی خرابی، دل کی دھڑکن،بواسیر،گردوں کی ناقص کارکردگی اور قبض اور کمر درد میں بہت کار آمد سبزی ہے۔یہ دانتوں اور مسوڑھوں میں بھی فائدہ مند ہے۔یہ سردیوں کے موسم کی ایک مفید سبزی ہے۔گاجروں کو پانی میں جوش دے کر انہیں اچھی طرح مسل لیں اور بگڑے ہوئے زخموں پر اس کا لیپ کریں اس سے زخم مندمل ہونے میں مدد ملے گی۔گاجر اور پالک کے جوس میں تھوڑا سالیموں کا رس ملاکر پینے سے پرانی قبض دور ہوتی ہے۔ہائی بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں گاجر کا جوس بہت مفید ہے۔

پالک

پالک میں کیلشیم اور فولاد وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط اور پائیدار بناتا ہے۔فولاد خون پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ جگرکو تقویت دیتا ہے۔پالک کی دیگر خصوصیات میں اس کا زود ہضم اور قبض کشا ہونا ہے۔اس کے علاوہ پالک پتھری،یرقان اور بخار وغیرہ میں مفید پایا گیا ہے۔

سلاد پتہ

یہ سبزی زود ہضم اور توانائی بخش ہے۔اس میں فولاد کافی مقدار میں پائی جاتی ہے۔اس کو ٹماٹر،مولی اور کھیرے کے ساتھ کھانا بہت مفید ہے۔اس سے خاص طور پر جگر ،معدہ اور آنتوں کو تقویت ملتی ہے۔

شلجم

جدید تحقیق کے مطابق شلجم ذیابیطیس کے مریضوں کے لیے مفید ہے۔یہ قبض کشا ہے۔ایک ہلکی اور زود ہضم غذا ہے۔اس میں وٹامن اے،بی،اور سی پائے جاتے ہیں۔اس کے پتوں میں بھی وافر غذائیت موجود ہوتی ہے۔اس لیے زیادہ بہتر ہے کہ اسے پتوں سمیت پکایا جائے۔اس میں کیلشیم،سوڈئم،فولاد اور پوٹاشیم کافی مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

کچا ناریل

یہ سرد اور خشک ہونے کے باعث حرارت کو برقرار رکھنے میں کارآمد ہے۔کمزور جسم میں توانائی پیدا کرکے فربہ کرتا اور خون پیدا کرتا ہے۔جگر کو طاقت پہنچانے کا ذریعہ ہے۔اس کا استعمال گردے اور مثانے کی کمزوری کو دور کرتا ہے۔ساتھ ساتھ دماغی کمزوری بھی اس کے رینج میں آتی ہےتاہم دمے اور کھانسی میں اس سے پرہیز کرناچاہیے۔

چقندر

اس میں وٹامن بی،ڈی بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں ۔یہ خون کی کمی کو کنڑول کرکے صاف اور تازہ خون پیدا کرنے میں بہت مددگار ہے۔جوڑوں کے درد میں بھی مفید ہے۔بلغم خشک کرتا ہے اور جگر کو طاقت بخشتا ہے۔دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بہت مفید ہے۔

کریلا

کریلا بلغم کو کم کرتا ہے اور بھوک بڑھاتا ہے۔یہ پیشاب آور ہے۔گنٹھیا،لقوہ اور پتھری کو نکالنے میں کارآمد ہے۔اعضائے رئیسہ کو طاقت دیتا ہے۔پیٹ کے کیڑے مارنے میں بھی انتہائی موثر پایا گیا ہے۔خون میں زائد شوگر کو کم کرنے میں بھی یہ انتہائی مددگار ہے اور گاہے بگاہے اس کے استعمال سے شوگر میں واضح کمی ہو کر نارمل لیول پر آجاتی ہے۔

متعلقہ عنوانات