وٹامن "اے" سے وٹامن "کے"  تک تمام وٹامنز کا احوال

 

            غذا کی اہمیت اس کے اجزاء پر منحصر ہوتی ہے۔ غذائی اجزاء میں وٹامن سب سے زیادہ اہم ہیں۔ وٹامن کا لفظ دو لاطینی الفاظ "وائٹل" (بمعنی ضروری) اور "امائنز" (بمعنی زندگی) کو ملا کر  (وائٹا مائنز) بنایا گیا۔

            باقاعدہ دریافت ہونے والا پہلا وٹامن  بی ۔1(Thiamine, Vitamin B1) ہے جو 1910ء میں دریافت ہوا جبکہ اب تک کا آخری دریافت ہونے والا وٹامن  بی۔9(Vitamin B9, Folic Acid) ہے جو 1941ء میں دریافت ہوا۔ بہت سی بیماریاں مثلا بیری بیری، گوشت خورہ (مسوڑھوں سے خون جاری رہنے کا مرض ، scurvy )، جلد تڑکنے کا عمل (pellagra)، اور بچوں کا سوکھا پن (rickets) جیسی بیماریاں غذا میں مخصوص وٹامنز کی کمی سے ہی پیدا ہوتی ہیں۔

          کون سا وٹامن کتنا ضروری ہے اور کہاں سے حاصل ہوتا ہے؟

              وٹامن ہماری جسمانی صحت کے لیے کس قدر ضروری ہیں اور کون سا وٹامن کس غذا سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کی مختصر تفصیل درج ذیل ہے:

وٹامن اے(Vitamin A, Retinol):        اس وٹامن کا کام آنکھوں، جلد، بالوں، دانتوں اور مسوڑھوں کو صحت مند رکھنا ہے۔ یہ دودھ ، مکھن، انڈے، ہرے پتوں والی سبزیوں اور جگر میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی 1(Vitamin B1):          اسے "تھایا مین" (thiamine)بھی کہا جاتا ہے۔ یہ گلوکوز سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کر کے جسم میں توانائی پیدا کرتا ہے۔ یہ اناج، دودھ، مرغی کے گوشت، مچھلی، جگر، خمیر، آٹے، پھلی والی سبزیوں اور بغیر چربی والے گوشت میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی2(Vitamin B2):          یہ "رائبو فلیوون" (riboflavin)بھی کہلاتا ہے۔ یہ کاربوہائیڈریٹ، پروٹین اور روغنیات سے توانائی حاصل کر کے جسم کو فراہم کرتا ہے۔ یہ دودھ، اناج، جگر، بغیر چربی کے گوشت، انڈوں اور پتوں والی سبزیوں میں بکثرت پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی 6(Vitamin B6):          اس کا ایک نام "پائروڈاکسین" (pyridoxine) بھی ہے۔یہ بعض دیگر پروٹین کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ روغنیات کو جزو بدن بناتا ہے اوع خون کے سرخ خلیوں کی تشکیل کرتا ہے۔ یہ اناج، پتوں والی سبزیوں اور بغیر چربی کے گوشت میں خوب پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی12(Vitamin B12, Cyanocobalamin):          یہ نیوکلئک ایسڈ کی تشکیل کے لیے بہت ضروری ہے۔ خون کے سرخ خلئے بھی اس کی موجودگی ہی کی وجہ سے بنتے ہیں۔ یہ اعصابی نظام کو قائم رکھتا ہے۔ یہ جگر، گردے، مچھلی، دودھ اور حیوانی غذائوں میں پایا جاتا ہے۔

فولک ایسڈ(Folic Acid, B9):     اسے "فولیٹ" (Folate) بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بھی نیو کلئک ایسڈ اور بعض دوسرے پروٹین کے لیے لازمی ہے۔ یہ خون کے سرخ خلیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ جگر اور پتوں والی سبزیوں میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی5: پینٹو تھینک ایسڈ(Pantothenic acid (Vitamin B5,       یہ کاربوہائیڈریٹ ، روغنیات اور پروٹین میں تبدیلی کر کے ایسے سالمات پیدا کتا ہے جو جسم کی ضرورت ہیں۔ یہ اعصابی نظام اور بعض ہارمون کی پیدائش کے لیے بھی ضروری ہے۔ یہ انڈوں، پتوں والی سبزیوں، جگر، گردے اور گری والے خشک میووں میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی3: نیا سین(niacin):          یہ خلیات میں ایسے تعاملات کے لیے ضروری ہے جن سے توانائی پیدا ہوتی ہے۔ یہ انڈوں، گوشت، جگر اور اناج میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن بی7: بائیوٹِن(Biotin Vitamin B7,):           یہ گلوکوز سے توانائی اور روغنی تیزابوں کے حصول کے لیے ضروری ہے۔ جسم کے بہت سے کیمیائی امور انجام دیتا ہے۔ جگر، گردے، انڈوں اور پتوں والی سبزیوں میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن سی(Vitamin C, Ascorbic acid):            یہ ہڈیوں، دانتوں اور خون کی نالیوں کو صحت مند رکھتا ہے۔ کولاجن کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کولاجن ایک ایسا پروٹین ہے جو جو جلد اور ہڈی جیسی جسمانی ساختوں کو سہارا دیتا ہے۔ یہ پتوں والی سبزیوں اور پھلوں خصوصاََ ترش ذائقے والے پھلوں میں وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے۔

وٹامن ڈی(Vitamin D, Calciferol):    یہ دانتوں اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بہت ضروری ہے۔ جسم میں فاسفورس اور کیلشیم کے انجذاب کے لیے بھی یہ بہت ضروری ہے۔ انڈے کی زردی، کاڈ مچھلی کے جگر کے تیل، دودھ اور سامن مچھلی میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن ای(Vitamin E, Tocopherol):   یہ سرخ خلیات اور عضلات کی تشکیل  و حفاظت میں مدد کرتا ہے۔ یہ اناج اور سبزیوں سے تیار کردہ تیل و گھی میں پایا جاتا ہے۔

وٹامن کے(Vitamin K, Phytonadione):          یہ خون کے جمنے کے لیے لازمی ہے (ورنہ زخم سے خون بہنے کا عمل روکنا مشکل ہو جاتا ہے)۔ یہ پتوں والی سبزیوں میں بکثرت پایا جاتا ہے۔  

متعلقہ عنوانات