انگلینڈ بمقابلہ پاکستان: سنسنی خیز میچ کے بعد پاکستان کی جیت، میچ کی دلچسپ روداد

ٹی ٹوینٹی کرکٹ انتہائی غیر یقینی کھیل ہے،جب شائقین مایوسی کی حد تک پہنچ چکے ہوتے ہیں تب جیت کا بگل بجنا شروع ہوجاتا ہے، پاکستانی کرکٹ پر کون یقین کرے گا۔۔۔

گوروں کو 18 گیندوں پر 33 رنز درکار۔۔۔۔حسنین نے دو درجن رنز گوروں کی جھولی میں ڈال دیے۔۔۔۔اب 12 گیندوں پر صرف 9۔۔۔لیکن۔۔۔۔۔آوٹ !شاہینوں کی تین رنز سے جیت

یہ ہے پاکستان کی کرکٹ۔۔۔

آج انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چوتھا ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا گیا۔ انگلینڈ ایک کے مقابلے دو کی برتری پر تھا۔۔۔گورے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بلے بازی کی دعوت دی۔۔۔انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ پاکستان کو زیادہ اسکور نہیں بنانے دیں گے۔۔۔۔اور ان کا یقین کسی حد تک پاکستانی کھلاڑیوں نے حقیقت میں بدل دیا۔۔۔وہی ڈھاک کے تین پات۔۔۔خوشدل شاہ آج بھی دل خوش نہ کرسکا۔۔۔رضوان اور بابر کی جوڑی نے آج بھی ایک تسلی بخش شراکت جوڑی۔۔۔رضوان آخری اوور تک کریز پر جما رہا اور 88 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔۔۔آخری گیند پر آصف علی کے چھکے نے گوروں کے چھکے چھڑا دیے۔۔۔لیکن شاہین کوئی زیادہ اونچی اڑان نہیں بھر سکے۔۔۔166 کا مناسب ہدف دینے میں کامیاب رہے۔۔۔

اب گوروں کی باری تھی۔۔۔وہ شاہینوں کے پَر کاٹنے کے ارادے سے میدان میں اترے لیکن جلد اپنے کی پَر کٹوا بیٹھے۔۔۔۔دوسرے اوور تک انگلینڈ کے تین کھلاڑی محض 14 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ ڈکٹ نے انگلینڈ کی اُمید کو سہارا دیا۔لیکن وہ بھی نصف سنچری کا خواب آنکھوں میں سجائے پویلین کی راہ لے چلے۔ معین علی اور بروک کے جوڑی نے انگلینڈ کو جیت کے قریب کردیا۔۔۔لیکن 113 کے مجموعے پر دونوں امید کرنیں گُل ہوگئیں۔اب ساری امیدیں ڈاسن سے باندھ لی گئیں ۔۔۔ ڈاسن کے پانچ چوکوں اور ایک چھکے نے انگلینڈ کو جیت کے بالکل کنارے پر پہنچا کردَم لیا۔لیکن حارث رؤف نے ڈاسن کا دَم ہی نکال دیا جب انگلینڈ کو 9 گیندوں پر پانچ رنز درکار تھے۔ حارث رؤف نے اگلی گیند پر انگلینڈ کی نویں وکٹ بھی گرا دی۔۔۔آخری اوور۔۔۔چھے گیندوں پر چار رنز۔۔۔اور آخری وکٹ۔۔۔ذرا رُکیے 

ری کیپ

گوروں کو 18 گیندوں پر 33 رنز درکار۔۔۔۔حسنین نے دو درجن رنز گوروں کی جھولی میں ڈال دیے۔۔۔۔اب 12 گیندوں پر صرف 9۔۔

پانچ گیندیں چار رنز۔۔۔۔لیکن۔۔۔۔۔آوٹ ۔۔۔۔۔رن آؤٹ ! انگلینڈ کا آخری کھلاڑی بھی چِت! شاہینوں کی تین رنز سے جیت

یہ ہے پاکستان کی کرکٹ۔۔۔پاکستانی ہارٹ اٹیک کے قریب ہی تھے کہ دل سنبھلا۔۔۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوینٹی سیریز دو دو سے برابر۔۔۔

حارث رؤف اور محمد نواز کی تین تین وکٹیں۔۔۔محمد حسنین نے دو اور محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
حارث رؤف آج کے میچ کے بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار۔۔۔محمد رضوان بہترین بلے باز۔۔۔آج کا میچ پاکستانیوں کے چہروں پر خوشی لانے کا باعث بنا۔۔۔

اگلا میچ کب ہوگا۔۔۔؟

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز کا پانچواں میچ 28 ستمبر 2022 کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوانات