سموگ کے خطرات سے آپ خود کو کیسے بچا سکتے ہیں؟

سموگ ان دنوں ایک سنگین مسئلہ ہے۔ دنیا بھر کے بڑے اور صنعتی شہر خاص طور پر اس سے متاثر ہورہے ہیں۔ پاکستان میں لاہور اور بھارت میں دہلی اس وقت شدید سموگ کا شکار ہیں بلکہ دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شمار ہورہے ہیں۔ گاڑیوں اور صنعتوں سے دھویں کےاخراج کے ساتھ ساتھ لکڑی اور کوئلے کا دھواں اور سردیوں میں موسمی حالات سموگ کی بنیادی وجہ ہیں۔

یہ ایک فضائی آلودگی ہے، مائع اور گیس یعنی دھند اور دھوئیں کے ذرات کا مرکب۔  عام طور پر، اسے زرد یا سیاہ دھند کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جو فضا میں معلق رہتا ہے۔  یہ اس وقت پیدا ہوتی ہے جب نائٹروجن، سلفر اور غیر مستحکم نامیاتی مرکبات  دھوئیں کے ساتھ رد عمل ظاہر کر کے زمینی سطح پر اوزون بناتے ہیں۔  سموگ انسانوں، پودوں اور جانوروں پر خوفناک اثرات پیدا کر سکتی ہے جیسے؛

  • کھانسی، آنکھوں، سینے، ناک اور گلے میں جلن۔
  • دمہ کی علامات کا بگڑنا۔
  • سانس لینے میں دشواری اور پھیپھڑوں کو نقصان۔
  • سانس اور کینسر کی بیماریوں کی وجہ سے قبل از وقت اموات۔
  • پیدائشی نقائص اور پیدائش کا کم وزن۔
  • سوکڑے یا سوکھے کی بیماری کا خطرہ۔
  • سڑک کے حادثات اور یہاں تک کہ ہوائی جہاز کے حادثوں کا خطرہ۔
  • فصلوں، درختوں اور پودوں  کے لیے شدید نقصان دہ۔
  • سموگ کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے درج ذیل تجاویز ہیں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں:
  • اپنی بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں:

 سموگ کے اوقات میں ورزش یا چہل قدمی سے گریز کرنے کی کوشش کریں، صبح سویرے سموگ کی موجودگی میں چہل قدمی کرنا فائدہ مند نہیں، مضر صحت ہوگا۔دوپہر کے وقت جب تپتی دھوپ میں زمینی سطح پر اوزون گیس زیادہ بنتی ہے۔ اس وقت بھی کھیل کود سے پرہیز کریں۔

ہوا کی صفائی:

 سنٹرل یا پورٹیبل ایئر کلیننگ سسٹم کا استعمال کریں جو اِنڈور یا آؤٹ ڈور کی فضائی آلودگی کو کم کرکے کمروں کی ہوا کو صاف کرتے ہیں۔ ان میں موجود کاربن فلٹرز ہوا سے بدبو، گیسوں اور بخارات کو نکالنے کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ کھڑکیوں کو بند کرنا اور ایئر پیوریفائر اور ایئر کنڈیشنر استعمال کرنا یقینی بنائیں۔ صاف کمرے میں سونے کی کوشش کریں جس میں صرف کچھ کھڑکیاں کھلی ہوں، جتنا ممکن ہو باہر کی آلودہ ہوا کو کمرے میں آنے سے روکنا ضروری ہے۔

ریگولر لائٹ بلب کو تبدیل کریں:

 ایک کمپیکٹ فلوروسینٹ لائٹ بلب یا عام لفظوں میں انرجی سیور استعمال کریں۔ عام پیلی روشنی والے بلب سے پرہیز کریں جو ہر سال 136 کلوگرام کاربن ڈائی آکسائیڈ کو خارج کرتا ہے۔

چہرے کی حفاظت:

سموگ اور آلودہ فضا سے حفاظت کے لیے ماسک کا استعمال زیادہ موثر ہے۔  صنعتی استعمال کے لیے بنائے گئے ماسک بھی اس ضمن میں کارآمد ہیں۔

اپنے گھر کو صاف کریں:

دھول کو کم کرنے کے لیے فرش پر گیلے موپ کا استعمال کریں اور ویکیوم کلینر سے بچنے کی کوشش کریں جن میں مختلف نقصان دہ ذرات سے بچاؤ کے لیے ہوا کا فلٹر نہیں ہوتا۔

مائعات کا استعمال کریں اور ہائیڈریٹڈ رہیں:

وافر مقدار میں پانی اور صحت بخش جوس پئیں جو آپ کے جسم اور خون کو نقصان دہ آلودگیوں سے پاک کرنے اور آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

لکڑی یا ردی کو نہ جلائیں:

 لکڑی اور ردی کو جلانا فضائی آلودگی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔  اسے انفرادی سطح پر محدود کرنے کی کوشش کریں۔

حالات سے باخبر رہیں:

 آپ روزانہ ہوا کے معیار کے انتباہات اور خبروں کو چیک کر کے اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کر سکتے ہیں اور ان کے مطابق اپنی بیرونی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔  اپنے بچوں کے باہر کھیلنے کے وقت کو محدود کریں۔

 خطرناک گیسوں کے اخراج کو محدود کرنے کی کوشش کریں:

 ہمیں مل کر کام کرتے ہوئے ایک ایسا نظام تیار کرنے کی ضرورت ہے جو ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد کرے۔ دھویں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے گاڑی چلانے کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی کوشش کریں۔  حکومت کے عمل کرنے، یا کنٹرول کرنے تک،  یہ ذاتی اقدامات اپنائے جاسکتے ہیں جو افراد کی طرف سے فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والے مضر صحت اثرات کے خطرے کو مؤثر طریقے سے کم کرنے کے لیے کیے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوانات