ایشیا کپ: پاکستان بمقابلہ ہانک کانگ، سُپر فور کے لیے میچ جیتا ضروری ہے

ایشیا کپ میں پہلے مرحلے (سٹیج گروپ) کا آخری میچ آج(دو ستمبر کو)پاکستان اور ہانک کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سُپر فور میں پہنچنے کے لیے یہ میچ پاکستان کو جیتنا بہت ضروری ہے۔

ایشیا کپ میں چھے ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ ان کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان،بھارت اور ہانک کانگ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش،افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ لیکن اس کرکٹ کے میلے میں سب سے زیادہ توجہ کے حامل پاکستان اور بھارت کے میچ ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا میچ کی بازی بھارت نے جیت لی۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ دو ستمبر کو ہانک کانگ کے خلاف کھیلے گا۔ پاکستان کو سُپر فور میں پہنچنے کے لیے اس میچ میں کامیابی ضروری ہے۔

ہانک کانگ بمقابلہ پاکستان: کس کا پلڑا بھاری ہے؟

ایشیا کپ میں دو ستمبر کو پاکستان اور ہانک کانگ کے درمیان مجموعی طور پر تیسرا میچ ہوگا۔
ہانک کانگ ماضی میں ایشیا کپ میں پاکستان کا دو میچوں میں سامنا کرچکا ہے۔ لیکن دونوں میچوں میں جیت پاکستان کے حصے میں آئی۔

پہلا میچ،پاکستان بمقابلہ ہانک کانگ: ایشیا کپ 2004

دونوں ممالک کے درمیان پہلا میچ 2004 کے ایشیا کپ میں منعقد ہوا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز بنائے۔ اس میچ میں یونس خان نے 144 رنز بنائے اور شعیب ملک نے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 118 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ہانک کانگ کی پوری ٹیم 344 کے ہدف کے تعاقب میں محض 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان نے 173 کے بڑے مارجن سے یہ میچ جیت لیا۔ شعیب ملک نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، عمران فرحت نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں مین آف دی میچ شعیب ملک رہے۔

دوسرا میچ،پاکستان بمقابلہ ہانک کانگ: ایشیا کپ 2008

ہانک کانگ اور پاکستان کے درمیان دوسرا میچ 2008 کے ایشیا کپ میں ہوا۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔ یونس خان، فواد عالم اور سہیل تنویر نے نصف سنچریاں بنائیں۔
ہانک کانگ نے 289 کے ہدف کو پورا کرتے ہوئے 133 پر محدود رہی۔ اس طرح پاکستان نے یہ میچ 155 رنز سے جیت اپنے نام کی۔

کیا پاکستان کا پلڑا واقعی بھاری رہے گا؟

پاکستان نے ہانک کانگ کے خلاف سابقہ دونوں میچ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلے۔ لیکن حالیہ میچ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے۔ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ کو جادوگر کھیل سمجھا جاتا ہے۔ اکتیس اگست کو ہانک کانگ اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ اگرچہ ہانک کانگ کو اس میچ میں شکست ہوئی لیکن بھارت زیادہ بڑے مارجن سے ہانک کانگ کو نہیں ہرا سکا۔
امید ہے کہ پاکستان ہانک کانگ کے خلاف ایک بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر پائے گا۔

کیا چار ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جائے گا؟

اگر پاکستان ہانک کانگ کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو یقینی طور سُپر فور مرحلے میں چار ستمبر کو پاکستان اور بھارت ایک بار پھر مدمقابل ہوں گے۔

متعلقہ عنوانات