رفتہ رفتہ چیخنا آرام ہو جانے کے بعد
رفتہ رفتہ چیخنا آرام ہو جانے کے بعد
ڈوب جانا پھر نکلنا شام ہو جانے کے بعد
دیر تک خاموشیوں سے گفتگو کرنا کبھی
دیر تک سننا انہیں ہر کام ہو جانے کے بعد
بستیوں سے دور جانا خواہشوں کو پار کر
جنگلوں میں ناچنا گمنام ہو جانے کے بعد
آسماں والوں سے اپنی رنجشوں کو بھولنا
روح کے بازار میں نیلام ہو جانے کے بعد
ربط کے پہلو سمجھنا اور رونا ساری رات
بس یہی کچھ کام ہیں ناکام ہو جانے کے بعد