گوگل انٹرویو وارم اَپ: انٹرویو کی تیاری کے لیے بہترین ٹول
نوکری یا ملازمت کی تلاش کے وقت سب سے بڑی پریشانی انٹرویو کی ہوتی ہے۔ ہمارے اکثر نوجوان انٹرویو میں خود اعتمادی، حاضر جوابی اور متعلقہ شعبے کے بارے میں علم کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔۔۔۔ایسے نوجوانوں کے لیے خوش خبری ہے کہ گوگل نے ایک ایسا ٹول متعارف کروایا ہے جس کی مدد سے گھر بیٹھے انٹرویو کی تیاری کرنا ممکن ہوگا۔۔۔۔آئیے آپ کو اس کی تفصیل بتاتے ہیں۔
اگر آپ نوکری کے لیے انٹرویو دینے جارہے ہیں، آپ ذرا گھبرائے ہوئے ہیں اور فکر مند ہیں کہ انٹرویو میں کیسے کامیابی مل سکتی ہے؟ تو رکیے گوگل آپ کی مدد کے لیے تیار ہے۔ آپ کو انٹرویو کے لیے تازہ دم (وارم اَپ) کرنے کے لیے آپ کا انتظار کررہا ہے۔ گوگل نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو ٹول کو متعارف کروایا ہے جو بالکل مفت دستیاب ہے۔ اس ٹول کے ذریعے آپ گھر بیٹھے انٹرویو کی مفت تیاری کرسکتے ہیں۔ آئیے آپ کو اس ٹول کا تعارف اور استعمال کرنے کا طریقہ بتاتے ہیں۔
گوگل انٹرویو وارم اَپ کیا ہے؟
گوگل نے"انٹرویو وارم اَپ" نامی ایک ٹول متعارف کروایا ہے جو نوکری کے لیے انٹرویو کی تیاری کے لیے بہترین معاون ہے۔ یہ ٹول صارف کو انٹرویو سے متعلق سوالات پوچھے گا، دیے گئے جوابات کی مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل اینٹیلی جینس) کی مدد سے ان کا تجزیہ کرے گا۔ جن پہلوؤں میں بہتری کی ضرورت ہوگی اس کی نشان دہی کرے گا۔
انٹرویو کی تیاری ایک تو وقت طلب اور محنت طلب کام ہے، امید ہے کہ یہ ٹول اس مشکل کو آسان بنائے گا اور نوکری کے لیے فکر مند نوجوان کو باعتماد بنائے گا۔
گوگل ٹول کیسے کام کرتا ہے؟
1۔ فیلڈ کا انتخاب کیجیے: یہ ٹول مختلف قسم کی فیلڈ یا شعبہ جات یا کیریئر کے انتخاب کی سہولت دیتا ہے۔ فی الحال اس میں گوگل کیریئر سرٹیفیکیٹ پروگرام جیسے ڈیٹا انالسٹ، ای کامرس، آئی سپورٹ، پروجیکٹ مینجمنٹ اور دیگر جنرل وغیرہ۔ کو شامل کیا گیا ہے۔ان میں سے ایک کا انتخاب کیجیے۔ مستقبل میں امید ہے کہ مزید شعبہ جات کو بھی شامل کیا جائے گا۔
2۔ انٹرویو کے لیے سوالات:جب آپ جاب فیلڈ منتخب کرلیں گے تو یہ ٹول آپ سے پانچ سوالات پوچھے گا۔ آپ ان سوالات کے جواب لکھ کر یا بول کر جیسے آپ کو سہولت ہو دے سکتے ہیں۔ یہ سوالات متعلقہ شعبے یا کاروبار کے ماہرین نے تیار کیے ہیں۔ پوچھے گئے سوالات تین قسم کے ہوتے ہیں: (مثالیں)
بیک گراؤنڈ سوالات: جیسے آپ کو اس ملازمت پر کیوں رکھا جائے؟
سیچویاشنل سوالات: آپ کسی ٹاسک کو مکمل کرنے کے لیے کیسے منصوبہ بندی کریں گے؟
ٹیکنیکل سوالات:فرض کیجیے میں نے ایک نئی دکان یا کاروبار شروع کیا ہے۔ اس صورت میں میں ایک نئے گاہک کو کیسے اپنا مستقل گاہک بنا سکتا ہوں؟
3۔ جوابات کا تجزیہ یا فیڈبیک: یہ ٹول آپ کے جوابات کا اے آئی یعنی مصنوعی ذہانت کی مدد سے ان کا مشینی تجزیہ کرے گا۔
یہ سسٹم اس شعبے میں استعمال ہونے والی اصطلاحات، بار بار استعمال ہونے والے الفاظ اور متعلقہ نکات کا تجزیہ کرکے آپ کو بہتر تجاویزاور فیڈ بیک دے گا۔ فیڈبیک میں تین آپشن یا بٹن ظاہر ہوں گے:
1۔ Job-related terms: آپ نے جو شعبے یا ملازمت سے متعلق اصطلاحات استعمال کی ہیں ان کی نشان دہی کرے گا کہ ان کو کیسے بہتر طور استعمال کیا جائے۔ مزید یہ کہ اس شعبے میں مستعمل اصطلاحات کی ایک فہرست بھی فراہم کرے گا۔