مقابل عکس کے دیکھو کوئی تصویر بھی ہوگی

مقابل عکس کے دیکھو کوئی تصویر بھی ہوگی
جہاں پر خواب رکھے تھے وہیں تعبیر بھی ہوگی


سمندر تک پہنچ جاؤ تو اتنا دھیان میں رکھنا
سمندر پار کرنے کی کوئی تدبیر بھی ہوگی


مری تقصیر الفت پر تو فرد جرم جائز تھی
مگر یہ کیا پتہ تھا شہر میں تشہیر بھی ہوگی


تمہارے آستانے تک پہنچنا ہی پہنچنا ہے
ہمارے پائے وحشت میں بھلے زنجیر بھی ہوگی


سنو شہر ملامت سے ذرا جلدی گزر جانا
یہاں تحقیر بھی ہوگی یہاں تکفیر بھی ہوگی