لفظ و معنی کی یہ سب جھوٹی نمائش چھوڑ دے

لفظ و معنی کی یہ سب جھوٹی نمائش چھوڑ دے
یوں ہمہ دانی کی ناداں اپنی خواہش چھوڑ دے


زد پہ آ جائے گا تیرا آئنہ بھی یاد رکھ
آئنوں پہ سنگ برسانے کی کوشش چھوڑ دے


آگ جب بھڑکے گی کوئی گھر نہ بچ پائے گا پھر
دوسروں کا گھر جلانے کی یہ سازش چھوڑ دے


بن نہ جائے وجہ رسوائی یہ تیری ایک دن
اپنے منہ سے اپنی ہی کرنا ستائش چھوڑ دے


کوئی دیوار انا قائم رہے کیوں درمیاں
جو دلوں کو دور کر دے ایسی رنجش چھوڑ دے


جو سرایت کر گیا بیتابؔ رگ رگ میں تری
اس کی یادوں کو بھلانے کی یہ کاوش چھوڑ دے