اس جگہ کون کون تھا لکھیے
اس جگہ کون کون تھا لکھیے
بھید کس طرح کھل گیا لکھیے
جرم کو جرم کی سزا لکھیے
درد کو درد کی دوا لکھیے
بات تحریر تک جب آ پہنچی
وہ برا ہے تو پھر برا لکھیے
کوئی راضی نہیں گواہی پر
سب مصر ہیں کہ حادثہ لکھیے
بات تو یہ ہے بات کچھ بھی نہیں
آپ چاہیں تو حاشیہ لکھیے
سچ ہے جینے کا حق نہیں مجھ کو
ہے کوئی اور مشورہ لکھیے
بات کا وقت کھو دیا کاظمؔ
اب تو لکھنا ہی رہ گیا لکھیے