گڑیا کی شادی

سنڈے کے دن ہم سب کھیلیں
لطف ذرا چھٹی کا لے لیں
ڈولی لاؤ گھوڑا لاؤ
گڈا لاؤ گڑیا لاؤ
ان دونوں کی کر دیں شادی
آ جائیں باراتی ہادی
کچھ دعوت نامے چھپوا لو
کچھ مہمانوں کو بلوا لو
گڈے کا صحرا لے آؤ
گڑئیے کا گجرا لے آؤ
گڈے کا صافہ بھی لانا
گڑئیے کا لہنگا بھی لانا
ہلدی پیسے گی نذرانہ
مہندی پیسے گی فرزانہ
سارا گھر آنگن سجوا دو
در پر شہنائی بجوا دو
کچی بریانی پکوا لو
شاہی ٹکڑے بھی بنوا لو
شربت اور کافی بھی رکھنا
مصری اور ٹافی بھی رکھنا
گڈا گڑیا جب ہیں راضی
نجمی بن جائے گا قاضی
دھوم دھام سے ہوگی شادی
یاد کرے گی کیا شہزادی
ہندوستانی ساز بجیں گے
گیت فراغؔ انکل لکھ دیں گے