سرکس آیا

اخباروں نے شور مچایا
سرکس آیا سرکس آیا
پھر سرکس کی دھوم مچی ہے
شہرت اس کی خوب ہوئی ہے
گلیوں گلیوں شور ہے اس کا
ہر جانب پھر زور ہے اس کا
گھر گھر ہے سرکس کا چرچا
مچل پڑا ہے بچہ بچہ
آؤ بچو سرکس دیکھیں
اب کے کتنا ہے رس دیکھیں
کون ہے کتنا چوکس اب کے
کون ہے کتنا بے بس اب کے
سوٹ پہن کر ہاتھی آئے
گھوڑے بن کر ساتھی آئے
ہرنی بھی سج دھج کے آئی
آ کر دولہن سی شرمائی
کار چلاتے چیتے دیکھو
سگنل دیتے طوطے دیکھو
ڈانس گدھے دکھلانے آئے
ٹٹو بینڈ بجانے آئے
شیر پہ بکری جھپٹ رہی ہے
تختہ اس کا الٹ رہی ہے
چوہے نے بندوق چلائی
دیکھ کے بلی بھی گھبرائی
بندر کرکٹ کھیل رہے ہیں
ریچھ کی بیٹنگ جھیل رہے ہیں
جوکر کا میک اپ تو دیکھو
لطف بھری گپ شپ تو دیکھو
کیسے سب کو ہنسا رہے ہیں
کیا کیا کرتب دکھا رہے ہیں
جمپ لگاتے خوب یہ لڑکے
نہیں ذرا بھی موت سے ڈرتے
فن میں ہر لڑکی ہے ماہر
آگ سے گزری پیٹ کی خاطر
نئے نئے جب کرتب دیکھو
خوب بجاؤ تالی بچو
کھیل انوکھا ہے سرکس کا
کام نہیں یہ سب کے بس کا
ٹولی یہ فنکاروں کی ہے
داد فراغؔ انکل سے لی ہے