12 ربیع الاول: " ہادی عالم ﷺ" سیرت طیبہؐ پر پہلی غیر منقوط کتاب کا تعارف

سیرت طیبہؐ پر پہلی غیر منقوط کتاب: یعنی سیرت کی ایسی کتاب جس میں ایسا کوئی حرف استعمال نہیں ہوا جس پر نقطہ موجود ہو۔۔۔اس شاہکار کتاب کا تعارف

            زیر  تبصرہ  کتاب "ہادی عالم"  نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ پرایک منفرد کتاب ہے۔ ابتدائے اسلام سے آج تک  بے شمار کتب سیرت مختلف زبانوں میں مورخانہ انداز میں، عالمانہ انداز میں، عارفانہ انداز میں اور  عاشقانہ انداز میں لکھی جاچکی ہیں اور لکھی جاتی رہیں گی۔ لیکن ادیبانہ انداز میں سیرت کے موضوع پر زیر نظر کتاب "ہادی عالم" اپنی شان انفرادیت کا ایک عجیب شاہکار ہے۔ کتاب کافی ضخیم ہے اور تقریبا سوا چارسو صفحات اور پونے دوسو عنوانات پرمشتمل ہے ۔ اس کتاب کی انفرادی  خصوصیت یہ ہے کہ ابتداء سے انتہا تک جس قدر مضامین معرض تحریر میں آئے ہیں ، ان کے کسی حرف پر بھی نقطہ نہیں ہے یعنی پوری کتاب صنعت "غیر منقوط نویسی" سے مرقع ومزین ہے۔ اس کے باوجود کسی جملے میں یا ربط عبارت میں یا بیان کی سلاست و روانی میں یا مفہوم کی ادائیگی میں یا واقعات کی تفصیل میں کہیں بھی کسی مقام پر بھی کوئی خلش یا ابہام نہیں ہے ۔ یقیناََ یہ سب کچھ صاحب سیرت  سے شرف نسبت حاصل ہونے کا ایک اعجاز ہے ۔ ذات فضل الله یوتی من يشاء 

            اس سیرت طیبہ کے مصنف  و مرتب جناب  محمد ولی رازی عثمانی ہیں جو  حضرت مولانا مفتی شفیع صاحب ؒ  کے صاحبزادے ہیں۔  مولا نا محمد ولی رازی نے جو ایک ممتاز علمی خاندان کے چشم و چراغ ہیں ۔ انھوں نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی مثال اردو زبان میں موجود نہیں۔ انہوں نے حضور سرور کائنات ﷺ کی سیرت طیبہ اس انداز میں مرتب کی ہے کہ اس خاصی بڑی کتاب میں کوئی  منقوط حرف کہیں نہیں آیا۔ اکبر کے زمانے میں فیضی نے "سواطع الالہام"  کے نام سے اس صنعت میں تفسیر لکھنے کی کوشش کی تھی ، مگر وہ کوئی مسلسل کتاب نہ تھی ۔ محمد ولی رازی نے حضرت رسول کریمﷺ کی مکمل زندگی غیرمنقو ط حروف  کی ترکیب و ترتیب سے اردو میں لکھ کر اپنی ذہانت و فطانت کا کمال کر دکھایا ہے۔اردو میں نقطہ دارحروف  بہت زیادہ ہیں اس لئے رازی کی مشکل کا اندازہ لگانا دشوار نہیں ۔ اس پر قابل ستائش اور موجب حیرت امر یہ ہے کہ مصنف نے واقعات کی صحت کا پورا اہتمام کیا ہے اور اس بات کا خیال رکھا ہے کہ معمولی سے معمولی جزو بھی تحقیق اور صداقت واقعہ کے خلاف نہ ہونے پائے۔ اس نگارخانہ عجائب پر محمدولی رازی جملہ اہل علم کی مبارک باد کے تحت ہیں۔

            نبی کریم ﷺ کی سیرت نگاری  کے عشاق نے نہ جانے کس کس پہلو سے اور کس کس انداز میں سیرت طیبہ کی خدمت کر کے کتابوں ، مقالوں اور مضامین کا ایسا گرانقدر ذخیرہ تیارکر دیا ہے جس کی نظیر سیرت وسوانح کی تاریخ میں نہیں مل سکتی ۔ سرکار دوعالم ﷺ کی ایک ایک ادا اور آپ کی حیات طیبہ کے ایک ایک واقعہ کو رہتی دنیا تک محفوظ کرنے کے لئے جس دیوانہ وار محنت اور جس محیرالعقول کاوش کا مظاہرہ اس امت نے کیا ہے وہ بذات خود سرکار دو عالم کا ایک معجزہ ہے جس کی ظاہری اسباب میں کوئی اور توجیہہ ممکن نہیں ۔

سیرت 10 خوب صورت کتابیں، تعارف پڑھنے کے لیے یہاں کلک کیجیے

               چشمِ اقوام  یہ نظارہ  ابد  تک  دیکھے

            رفعتِ شانِ "رفعنا لک ذکرک" دیکھے

کتاب سے ایک خوبصورت اقتباس

سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کا تذکرہ ملاحظہ فرمائیے !

            "اللہ اللہ! وہ رسول اممؐ  مولود ہوا کہ اس کے لیے صد ہا سال سے لوگ دعا گو رہے۔ اہل عالم کی مرادوں کی سحر ہوئی۔ دلوں کی کلی کھلی۔ گمراہوں کو ہادی ملا۔ گلے کو راعی ملا۔ ٹوٹے دلوں کو سہارا ملا۔ اہل درد کو درماں ملا۔ گمراہ حاکموں کے محل گرے۔ سل ہا سال کی دہکی ہوئی وہ آگ مٹ کے رہی کہ لاکھوں لوگ اُس کو الہٰ کر کے اس کے آگے سر ٹکائے رہے اور رودِ ساوہ ماءِ رواں سے محروم ہوا۔"

متعلقہ عنوانات