Muhammad ﷺ For All ہفتہء رحمۃ للعالمین: حضورﷺ کی ذات کا تعارف کروانے کی عالمگیر مہم

حضور ﷺ کو خدا نے ہر صفت میں باکمال بنایا ہے۔۔۔ان کی ذات میں محبوب (جس سے محبت کی جائے) کی تمام خصوصیات بدرجہا اتم موجود ہیں۔۔۔"جو بھی ان کو پہچان گیا وہ ان کی غلام بن گیا"۔۔۔اسی روح کے ساتھ حضور ﷺ کا پاکیزہ تعارف دنیا بھر میں عام کرنے کا وقت ہے۔ رسول کریمﷺ کی سیرت کو عالمی سطح پر عام کرنے کے لیے ہفتہء رحمت کا آغاز۔۔۔۔

ربیع الاول کے مبارک مہینے میں ہر مسلمان اپنی بساط میں حضور ﷺ سے محبت و عقیدت کے اظہار کے لیے کسی نہ کسی سرگرمی کا ضرور حصہ بنتا ہے۔ لیکن اس  سلسلے میں باقاعدہ منصوبہ بندی اور منظم لائحہ عمل کی کمی ہے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیےیوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی(YES)  نے مسلمانوں کی انفرادی کاوش اور سرگرمیوں کو اجتماعی طاقت بنانے کے لیے "ہفتہ رحمۃ للعالمین ﷺ" منانے کا اہتمام کیا ہے۔ رواں برس اس مہم کو "محمد ﷺ فار آل" (حضرت محمد ﷺ سب کے لیے ) سے منسوب کیا گیا ہے۔ "احیائے سنت" کے لیے اس مہم کے تحت خیر و بھلائی کی تمام سرگرمیوں کو ایک چھت تلے اکٹھا سرانجام دینے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

آج 17 اکتوبر 2022 کو ٹویٹر پر اس مہم کی توریج کے لیے ٹرینڈنگ ایکٹویٹی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ٹویٹر پر اس ہیش ٹیگ WeekofBlessings#  کے ساتھ ٹرینڈنگ چلائی جارہی ہے۔

ہفتہءرحمۃ للعالمینﷺ مہم کا مقصد کیا ہے؟

حضور نبی کریم ﷺ کا فیضان اور برکت کسی ایک میدان تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ سیرت کو عملی صورت میں اپنانے کی کوشش کی جائے۔ حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ بطور رحمۃ للعالمین صرف مسلمانوں کے لیے باعثِ رحمت نہیں ہیں بلکہ ہر ذی روح یعنی غیر مسلموں اور حیوانات و نباتات کے لیے بھی رحمت بن کر آئے ہیں۔ حضور ﷺ کے اس مقام و مرتبے کو دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ چنانچہ اس عظیم الشان مہم کا بنیادی مقصد ہر انسان بالخصوص نوجوانوں کو دنیا کی مثالی ترین شخصیت حضور نبی کریم ﷺ سے متعارف کروانا ہے۔

حضور ﷺ کو خدا نے ہر صفت میں باکمال بنایا ہے۔۔۔ان کی ذات میں محبوب (جس سے محبت کی جائے) کی تمام خصوصیات بدرجہا اتم موجود ہیں۔۔۔"جو بھی ان کو پہچان گیا وہ ان کی غلام بن گیا"۔۔۔اسی روح کے ساتھ حضور ﷺ کا پاکیزہ تعارف دنیا بھر میں عام کرنے کا وقت ہے۔

اس مہم کا لائحہ عمل کیا ہے؟

19 تا 25 اکتوبر 2022ء کو "محمد ﷺ فار آل بسلسلہ ہفتہء رحمت" کے طور پر منانے کا اہتمام کررہے ہیں۔  "احیائے سنت" کے تحت تمام شعبہ ہائے زندگی میں حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ کو عملی طور پر مظاہرہ کرنے کے لیے ایک مکمل فریم ورک وضع کیا ہے۔ اس مہم کے تحت میگا ایونٹس، سیرت سیمینار، ورچوئل کانفرنس و ویبنار، حمد و نعت خوانی کے مقابلہ جات اور آگہی مہمات جیسے؛ ڈسکاؤنٹ ویک، چیریٹی ویک، سیرت اپناؤ ویک، ہفتہ صفائی، عطیہ خون ویک برائے تحفظ حیات، جانوروں سے اچھا سلوک (جانوروں کے باعثِ رحمت بنو)، خاندانی اجتماع (فیملی گیدرنگ)، دوسروں کو کھانا کھلانا (شیئر اے مِیل) اور دوسروں میں خوشیاں بانٹنا (سپریڈ سمائل) وغیرہ  کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

"محمدﷺ فار آل" کے اہداف کا دائرہ کار

                "محمدﷺ فار آل" کے اہداف کو تین دائروں میں تقسیم کیا گیا ہے؛

  1. وطنِ عزیز پاکستان:قومی سطح پرسیرت طیبہ کی ترویج اور فروغ کے لیے سرگرم رہنا 
  2. امتِ مسلمہ: مسلم ممالک کی عالمی تنظیم(او آئی سی ) کے پلیٹ فارم سے  امتِ مسلمہ کو نبی مکرمﷺ کی سیرت کا عملی مظاہرہ کرنے پر آمادہ کرنا
  3. پوری انسانیت: بین الاقوامی سطح یعنی اقوام متحدہ (یواین او )کے پلیٹ فارم پرحضرت محمد ﷺکا بطور رحمۃ للعالمین اور محسن انسانیت تعارف کروانا یعنی  ہم چاہتے ہیں کہ ساتوں براعظم میں رحمۃ للعالمین  ﷺ کی رحمت آفرینی  کا پیغام ِ نور ایسے پھیلے کہ الاسکا کے گلیشیئر سے افریقہ کے تپتے صحراؤں   اورمالدیپ وماریشس کے ہر جزیرے تک پہنچے۔

حتمی ہدف: ہمارا حتمی ہدف اقوام متحدہ کے سالانہ کیلنڈر میں ہر سال ربیع الاول کے تیسرے ہفتے کو "عالمی ہفتہء رحمت" (Week of Blessings) کے طور پر رجسٹر کروانا ہے۔

یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی  کا تعارف :

یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی (YES) وطنِ عزیز کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کی ایک غیر سیاسی اور غیر فرقہ وارانہ تنظیم ہے جو امتِ مسلمہ کے احیاء کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس کا نصب العین نوجوان نسل کی تعمیرِ شخصیت و کردار سازی کا اہتمام کرنا ہے جو امتِ مسلمہ کے مستقبل کی قیادت کی باگ ڈور سنبھالے گی۔ YES  اسلامی تہذیب و ثقافت کی نابغہ روزگار شخصیات کے شاندار علمی و دینی ورثےکو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق نوجوان نسل میں منتقل کرنے کا ایک مربوط منصوبہ رکھتی ہے۔

یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی نوجوانانِ مملکت اور امتِ مسلمہ کو اسلامی و قومی ورثے اور بھولی بسری تہذیب سے دوبارہ تعلق جوڑنے کے لیے مشعل بردار کا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہماری گم گشتہ اسلامی تہذیب کی معتبر ترین شخصیت حضرت محمد رسول اللہ ﷺ ہیں۔رواں برس ہم نے عالمی سطح پر  اسلامو فوبیا اور حضور ﷺ کے خلاف نفرت انگیز اور گستاخانہ سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے "محمد ﷺ فار آل" (حضرت محمد ﷺ سب کے لیے) مہم  کا آغاز کیا ہے۔

عشق رسول کریم ﷺ، خلوص،نیک نیتی، سچی محبت، پختہ عزم اور خیرخواہی کے جذبے سے اس مہم کی بنیاد ڈالی گئی۔۔۔اس کے اجر، صلہ اور حقیقی بدلہ صرف خدا کی ذات ہی سے امید ہے۔۔۔ بحیثیت مسلمان اور سچے عاشق رسول ﷺ ہونے کے ناطے "محمد ﷺ فار آل" مہم میں اپنی بساط کے مطابق ہمارا ساتھ دیجیے۔  

حضور نبی کریم ﷺ سے سچی وفاداری اور لازوال محبت کا اجر خدا تعالیٰ کی خوشنودی اور آخرت میں سرخروئی کی صورت میں ہمارا منتظِر ہے۔

قوت عشق سے ہر پست کو بالا کر دے

دہر میں اسم محمد ؐسے اُجالا کر دے

 

متعلقہ عنوانات