ابو کی یاد میں

اب رہا کون مجھے آس دلانے والا
گھپ اندھیروں میں دیا گھر کا جلانے والا


خواب غفلت سے جو بیدار کیا کرتا تھا
سو گیا آج وہ کیوں مجھ کو جگانے والا


جب کہ منزل کی تجسس میں تھا گمراہ سفر
چل دیا چھوڑ کے کیوں راہ دکھانے والا


روٹھ جانے کا رویہ یہ مناسب تو نہ تھا
روٹھ کیوں مجھ سے گیا مجھ کو منانے والا


پھر وہ خورشیدؔ مری روح کے اندر چمکے
کیوں چلا جاتا ہے ہر ناز اٹھانے والا