زباں کٹی سو کٹی بحث مختصر تو ہوئی

زباں کٹی سو کٹی بحث مختصر تو ہوئی
جو بات میں نے کہی تھی وہ معتبر تو ہوئی


یہ دن تو رات میں ڈھلتا نظر نہیں آتا
بھلی تھی شب کہ گزر تو گئی سحر تو ہوئی


گری فصیل جو زنداں کی سر بہت پھوٹے
مچا تو شور مگر خلق کو خبر تو ہوئی


مقابلے میں ادھر تیغ تھی ادھر گردن
میں سرخ رو ہوں کہ تفریق خیر و شر تو ہوئی


حریف ہو گئے قرباں متاع دنیا پر
انہیں بھی جاں سے کوئی شے عزیز تر تو ہوئی