یہ زندگی کے تجربات قیمتی ہیں بہت

یہ زندگی کے تجربات قیمتی ہیں بہت
تمہارے پاک خیالات قیمتی ہیں بہت


لکھے تھے ہم نے جو اشکوں کی روشنائی سے
وہ عشق کے بھی مقالات قیمتی ہیں بہت


انہی سے ہوتی ہے معراج عشق کو حاصل
یہ درد اور یہ جذبات قیمتی ہیں بہت


نصاب عشق میں پوچھے گئے ہیں جو اکثر
جواب چھوڑو سوالات قیمتی ہیں بہت


ہمارے جینے کی ڈھارس یہی بندھاتی ہیں
تمہاری یادوں کی بارات قیمتی ہیں بہت


وہ جس کے خواب میں دیدار ان کا ہو جائے
قسم خدا کی وہی رات قیمتی ہے بہت


وہ بول دے تو سبھی کچھ لٹا کے ہم رکھ دیں
یہ سچ ہے ان کی ہر اک بات قیمتی ہے بہت


ہمارے اشک یہاں حیثیت نہیں رکھتے
تمہارے اشکوں کی سوغات قیمتی ہے بہت


وہ لمحے جن میں ہمیں یاد آپ آ جائے
وہی حیات کے لمحات قیمتی ہیں بہت


یہ جب بھی آتے ہیں اشکوں کو ساتھ لاتے ہیں
یہ اشک اور یہ برسات قیمتی ہیں بہت


ہر اک صفحے پہ تیرا نام لکھ دیا حیدرؔ
اسی لیے مرے صفحات قیمتی ہیں بہت