یہ زندگانی کسی کی یادوں سے متصل ہے

یہ زندگانی کسی کی یادوں سے متصل ہے
سو اس کے جانے پہ دل مرا مجھ سے مشتعل ہے


خصوصی باتیں جو شاعری کی ہیں ایک ان میں
یہ خون پیتی ہے اور پیتی بھی مستقل ہے


ہمارا ہر دن کتاب کا ایک باب ہے اور
کتاب وحشت کی داستانوں پہ مشتمل ہے


ہے ایک خواہش کہ بہتے پانی میں جو ہے مضمر
ہے ایک حسرت کہ جو کناروں سے منفصل ہے


کسی نے سب کا نصیب لکھا ہے اور عاجزؔ
ہماری قسمت میں شاعری ہے جو جاں گسل ہے