یا پھر تم خوابوں کے ذریعہ آ جانا

یا پھر تم خوابوں کے ذریعہ آ جانا
جیسے بھی ہو لیکن ملنے آ جانا


تھوڑی دیر میں دنیا آنے والی ہے
تم دنیا سے تھوڑا پہلے آ جانا


اب میں اپنی ذات میں بٹنے والا ہوں
تم چاہو تو دل کے حصے آ جانا


مجھ سے ملنے کا جب بھی جی چاہے تو
بن کچھ سمجھے بن کچھ سوچے آ جانا


میں تم سے کچھ دور ہی ہوں گر چاہو تو
میری جانب گھومتے پھرتے آ جانا


اس سے لڑ کر اس کو ستانے کا من ہے
وقت پہ اے کم ظرف ارادے آ جانا


تیرا رستہ کتنا پیچیدہ نکلا
تو بولا تھا سیدھے سیدھے آ جانا