وہ لوگ جن کو ہے اب خود کشی سے دلچسپی
وہ لوگ جن کو ہے اب خود کشی سے دلچسپی
کبھی بہت تھی انہیں زندگی سے دلچسپی
ہے رسم و راہ بس اپنے مفاد کی حد تک
یہاں کہاں ہے کسی کو کسی سے دلچسپی
معاملات کیے جائیں اب سپرد ان کے
معاملات میں جو لیں خوشی سے دلچسپی
نہ سمت دیکھی نہ رستہ عجیب عالم تھا
ہمیں تھی صرف تری ہمرہی سے دلچسپی
قبول اندھیرا خوشی سے کوئی نہیں کرتا
کسے نہیں ہے بھلا روشنی سے دلچسپی
ادھر جھکاؤ تو ہوتا ہے جا کے برسوں میں
ہے جن امور میں تم کو ابھی سے دلچسپی
نعیمؔ سارے ہی انساں ہیں لائق تکریم
سبھی سے انس ہے ہم کو سبھی سے دلچسپی