وارث

نبوت کا سلسلہ ختم ہو چکا
رعونت کا سلسلہ جاری ہے
اب کوئی زمانہ
کسی نبی کا زمانہ نہیں
ہر دور
ایک فرعون کا دور ہے
جس کے قبضے میں
قارون کا خزانہ ہے
جس نے
انبیا کی میراث پر قبضہ کر لیا ہے
اسے پہچاننا مشکل نہیں
اس کے پاس
توہین رسالت کی تلوار ہے
جو اس پر ایمان نہ لائیں
وہ لاپتا ہو جاتے ہیں
جو ایمان لے آئیں
انہیں وہ خضر کی طرح تلاش کر لیتا ہے
نوح کی طرح
اس کی کشتی میں
ہر نوع کا جانور ہے
اس کے محل میں
سلیمان کا تخت بچھا ہے
مخالفین کے لیے
اس کے قید خانے میں
عیسیٰ کی سولی ہے
فرشتوں کا لشکر اسے سجدہ کرتا ہے
کیونکہ اس کی بغل میں
موسیٰ کا عصا ہے