تمہارا نام
کیا تمہارا نام عین سے شروع ہوتا ہے
میں لغت کھنگال رہا ہوں کسی عشوہ ساز کا نام نہیں مل رہا
کیا تم نے اپنا نام چھپا دیا
کیا تمہارا نام شین سے شروع ہوتا ہے
میں نظمیں پڑھ رہا ہوں کسی شعلہ رخ کا نام نہیں مل رہا
کیا تم نے شاعروں کو جلوہ نہیں دکھایا
کیا تمہارا نام قاف سے شروع ہوتا ہے
میں صحیفے دیکھ رہا ہوں کسی قیامت خرام کا نام نہیں مل رہا
خدا تمہارا نام لینا بھول گیا
میں عین شین اور قاف کو ملا کر تمہارا نام بنا لیتا ہوں
آج سے تم میرا عشق ہو