اردو زبان بولو

اے میرے پیارے بچو اے میرے اچھے بچو
اردو زبان بولو اردو زبان بولو
اردو زبان ایسی جو بولنا سکھائے
منہ میں سبھی کے وہ تو رس گھولنا سکھائے
اس کے حروف موتی الفاظ پھول جیسے
ذہنوں میں سب کے خوشبو کو چھوڑنا سکھائے
چاہو اگر سلیقہ اردو زبان سیکھو
اردو زبان بولو اردو زبان بولو
اردو کے شعر سارے دیکھو ہیں کتنے پیارے
اردو غزل ہیں سنتے انسان دیکھو سارے
بچوں کی چھوٹی نظمیں دیکھو ہیں کتنی پیاری
ہر ایک بچہ ان سے لیتا ہے لطف پیارے
موتی ہیں یہ ادب کے ہاتھوں سے ان کو رولو
اردو زبان بولو اردو زبان بولو
ہے بولنے میں میٹھی لکھنے میں یہ حسیں ہے
انداز اس کا پیارا یہ خود بھی دل نشیں ہے
دنیا کی ہر زباں کی اس میں تو خوبیاں ہیں
ہے حسن کا یہ محور شک اس میں کچھ نہیں ہے
قدرت کا ہے یہ تحفہ نعمت خدا کی سمجھو
اردو زبان بولو اردو زبان بولو
جو اردو زبان بولے سب کو ہے وہ تو پیارا
سب اس سے پیار کرتے آنکھوں کا سب کی تارا
بولے ہے جب وہ اردو منہ سے ہیں پھول جھڑتے
ماں باپ کا چہیتا استاد کا دلارا
اردو سے کتنی شفقت اس نے ہے پائی دیکھو
اردو زبان بولو اردو زبان بولو