ان کے سوا کسی کو نہ دیکھا کریں گے ہم
ان کے سوا کسی کو نہ دیکھا کریں گے ہم
آئینۂ نظر کو نہ میلا کریں گے ہم
لو غم کی زندگی بھی ہمیں راس آ گئی
لو اب کبھی نہ آپ سے شکوہ کریں گے ہم
چرکے بہت دئے ہیں وفاؤں کے رنگ میں
اپنوں پہ اب کبھی نہ بھروسہ کریں گے ہم
رسوائیوں کے خوف سے آنسو بھی پی گئے
یہ کس نے کہہ دیا تمہیں رسوا کریں گے ہم
ہم کو تو اے خدا تری رحمت پہ ناز ہے
عصیاں کریں گے ہم کبھی توبہ کریں گے ہم