تم اہل دل ہو سو دل میں رکھا ہمارا نام

تم اہل دل ہو سو دل میں رکھا ہمارا نام
وگرنہ ہم بھی ہیں کیا اور کیا ہمارا نام


ہر ایک شخص کے سینے میں ہم دھڑکتے ہیں
سبھی کے ہونٹوں پہ ہے جا بہ جا ہمارا نام


تمام عمر کئی لفظ چاک پر گھومے
تب ایک عرصے میں جا کر بنا ہمارا نام


تمہارے کانوں کی ڈھلتی ہوئی گپھاؤں میں
بہ رنگ روشنی پڑتا ہوا ہمارا نام


صدا کچھ اور ہی آئی تھی اس کی جانب سے
ہمیں لگا تھا کہ اس نے لیا ہمارا نام


خموشیوں کے بدن پر صدائیں لکھنی تھیں
عجیب شخص تھا لکھنے لگا ہمارا نام


پھر اس کو سن کے بہت دیر تک سبھی روئے
کوئی کہانی تھی آخر میں تھا ہمارا نام