سانجھ

ہمارے درد سانجھے ہیں
کہ ہم اکھڑے ہوئے دو پیڑ
گرتے جا رہے ہیں لمحہ لمحہ اب
ہمارے روگ سانجھے ہیں
کہ ہم اندھے سمے میں اپنی روحیں ہی گنوا بیٹھے
ہمارے جوگ سانجھے ہیں
کہ ہم اپنے بدن میں کھوجتے ہیں
خود کو ہر ساعت
ہمارے درد سانجھے ہیں
ہمارے روگ سانجھے ہیں
ہمارا ہجر سانجھا ہے
ہمارا وصل سانجھا ہے