پہلے اس کی نیند میں جا کر دیکھوں گا

پہلے اس کی نیند میں جا کر دیکھوں گا
پھر اس کو اک خواب سنا کر دیکھوں گا


گئے دنوں سے دھول اڑا کر دیکھوں گا
میں پانی میں آگ لگا کر دیکھوں گا


بن موسم کی بارش اچھی لگتی ہے
اس بارش میں پھول اگا کر دیکھوں گا


اس کی آنکھیں خواب میں دیکھی ہیں میں نے
میں اب ان میں خواب سجا کر دیکھوں گا


عشق تمہارا سانپ ہے میرے سینے پر
میں اس سانپ کو دودھ پلا کر دیکھوں گا