مجھے وہ شخص قلندر دکھائی دیتا ہے

مجھے وہ شخص قلندر دکھائی دیتا ہے
جو میرے خواب کے اندر دکھائی دیتا ہے


یہ لگ رہا ہے مرا شہر چھوڑ جائے گا
وہ آج کل مجھے اکثر دکھائی دیتا ہے


تو کیا یہ مان لوں میں آسماں سے اوپر ہوں
ہر اک ستارہ زمیں پر دکھائی دیتا ہے


جو سامنے ہے صریحاً نظر کا ہے دھوکہ
وہ ہے نہیں جو برابر دکھائی دیتا ہے


تمہاری آنکھ میں دیکھا ہے سب نے دشت مگر
مجھے تو ان میں سمندر دکھائی دیتا ہے