میری آنکھوں میں یہ خلا کیا ہے

میری آنکھوں میں یہ خلا کیا ہے
تو اگر ساتھ ہے جدا کیا ہے


میں جو اپنی طرح نہیں لگتا
تم سے مل کر مجھے ہوا کیا ہے


درج اس میں ہیں خواہشیں سب کی
میرے چہرے میں اب مرا کیا ہے


میرے ہر نقش کا پتہ ہے اسے
آئنہ مجھ کو جانتا کیا ہے


راستے کی تلاش ہے سب کو
اب سوا اس کے راستہ کیا ہے