کیا کیا ہوئی ہے بات کی تحقیر دیکھیے
کیا کیا ہوئی ہے بات کی تحقیر دیکھیے
چپ چاپ کہنے والے کی تصویر دیکھیے
گزری تمام عمر تو تعمیر خواب میں
فرصت کہاں کہ خواب کی تعبیر دیکھیے
صدق مقال شعلۂ عریاں بنا گیا
تقدیر میں تپش ہے کہ تنویر دیکھیے
کیا دور ہے کہ لفظ سے معنی نکل گئے
خالی مکاں کی شوکت تعمیر دیکھیے
جور و کرم کا فرق ہی ذہنوں سے مٹ گیا
کیا کیا ہوئی جفاؤں کی تفسیر دیکھیے