کیا ہے اس دل کا حال مت پوچھو

کیا ہے اس دل کا حال مت پوچھو
ہم سے نازک سوال مت پوچھو


جان جائے گا کل زمانہ سب
زندگی ہے محال مت پوچھو


شاعری اور ادب کی دنیا میں
کون ہے با کمال مت پوچھو


ہم کو دینا ثبوت ہے فن کا
خوں میں ہے کیا ابال مت پوچھو


شہرتیں کس طرح کی میرے لیے
لے کے آیا یہ سال مت پوچھو


وقت اک دن بدل کے رکھ دے گا
اس کی ہر ایک چال مت پوچھو


پڑھ رہا ہوں غزل سمجھ لینا
ہے یہ کس کا خیال مت پوچھو


حب یاراں مرا خزانہ ہے
اس میں کتنا منال مت پوچھو


کیسے ہیں بال و پر یہ پنچھیؔ کے
کیسے ہیں خد و خال مت پوچھو