علم و فن چڑھتا ہے پروان بڑی مشکل سے

علم و فن چڑھتا ہے پروان بڑی مشکل سے
آدمی بنتا ہے انسان بڑی مشکل سے


سیکڑوں راہ محبت میں فنا ہوتے ہیں
حسن ہوتا ہے پشیمان بڑی مشکل سے


ہم تو کیا اہل نظر کو بھی ہوئی ہے اکثر
دشمن و دوست کی پہچان بڑی مشکل سے


شکریہ آپ نے دیکھا ہے محبت سے ہمیں
سر سے اترے گا یہ احسان بڑی مشکل سے


کعبہ و دیر پہ موقوف نہیں ہے مشکورؔ
پختگی پاتا ہے ایمان بڑی مشکل سے