ہم الگ سی ایک خوشبو جانتے ہیں

ہم الگ سی ایک خوشبو جانتے ہیں
ہیں برہمن اور اردو جانتے ہیں


کام چپ رہ کے کیا کرتے ہیں لیکن
رات کے سب راز جگنو جانتے ہیں


خامشی سے آ گرے دامن پہ اکثر
درد کی شدت کو آنسو جانتے ہیں


کیوں مہکتا ہے چمن آمد سے تیری
پھول بھی کیا تیری خوشبو جانتے ہیں


عرضیاں کب روکنا ہے کب بڑھانا
یہ ہنر دفتر کے بابو جانتے ہیں


مشکلوں میں مسکرا کے جینے والے
پھر یقیناً کوئی جادو جانتے ہیں