گلشن میں رنگ و نور کے پیکر میں کون ہے
گلشن میں رنگ و نور کے پیکر میں کون ہے
خوشبو میں کونپلوں میں گل تر میں کون ہے
یہ کون سا مقام ہے خدمت کا اے خدا
جاروب کش یہ خانۂ بے زر میں کون ہے
موجیں تڑپ رہی ہیں کنارے ہیں زیر آب
مظلوم اب جہان سمندر میں کون ہے
قائم تجھی سے جب کہ عروج و زوال ہے
اے وقت تو ہی بول کہ چکر میں کون ہے
نظروں کی سیڑھیوں سے اترتا ہے دل میں کون
خوشبو کی طرح روح کے پیکر میں کون ہے
مخلصؔ تم اس کا نام بتاتے نہیں ہو کیوں
برتر ہے ہم میں کون برابر میں کون ہے