گراں کچھ جسم و جاں پر چاند پورا ہے

گراں کچھ جسم و جاں پر چاند پورا ہے
تمہارے بن یہاں پر چاند پورا ہے


مری دیوانگی ایسے نہیں صاحب
مرے اجڑے مکاں پر چاند پورا ہے


وہ گھر سے آج نکلے ہی نہیں شاید
تبھی تو آسماں پر چاند پورا ہے


مرے محبوب میرے گھر کبھی آنا
کبھی آنا یہاں پر چاند پورا ہے


ملے تھے ہم جہاں پر چاند آدھا تھا
بچھڑتے وقت واں پر چاند پورا ہے


ہمارا چودھویں تک ہی تعلق تھا
ہے باقی داستاں پر چاند پورا ہے