فن
وہ شاخ مضبوط ہو یا نازک
یہ منحصر ہے کمال فن پر
کہ کیسے تنکوں کو جوڑنا ہے
مہین ریشوں کے تانے بانے
سے کیسے دیوار جوڑنی ہے
کہاں بنانا ہے در کہاں پر
جگہ دریچے کی چھوڑنی ہے
جہاں سے باد صبا تو آئے
درون خانہ چلے جو آندھی
گرانے پائے نہ آشیانہ
خلوص و انس و وفا کی روئی
یقین و ایثار کے عناصر
جو ہوں گے تعمیر میں یہ شامل
تو شاخ نازک پہ بننے والا بھی
آشیاں پائیدار ہوگا