دعا تاثیر سے عاری وظائف رائیگاں یعنی

دعا تاثیر سے عاری وظائف رائیگاں یعنی
عمل رد بلا کے ہو گئے سارے دھواں یعنی


حقیقت کیا ہے اس کی کون جانے کون بتلائے
رہا ہے زندگی کا ہم سفر پیہم گماں یعنی


بدلتے جا رہے ہیں زاویے سورج کی نظروں کے
زمیں ناراض لگتی ہے خفا ہے آسماں یعنی


جو دیکھو گے تو لگتا ہے سراب دشت بھی دریا
جو سوچو تم اگر تو خواب سا ہے یہ جہاں یعنی


چلو انجام کو آغاز کے نقطے پہ لے آئیں
بچھڑتے ہیں وہیں چل کر ملے تھے ہم جہاں یعنی


جہان رنگ و بو کی بس حقیقت اور کیا ہوگی
گزر گاہ زمانہ کا ہے شاید یہ نشاں یعنی


ہے بس اتنا فقط ہم آپ کو مصروف رکھتے ہیں
وگرنہ شاعری جاویدؔ ہے کار زیاں یعنی