بے حسی
سسک سسک کے ابھی سو گیا ہے
اک بچہ
لپٹ کے ماں سے یہ معصوم
جب بلکتا تھا
پڑوسیوں نے بہت ناک بھوں چڑھائی تھی
اور اس پہ طنز کہ ضدی بہت ہے یہ بچہ
مگر کسی نے نہ پوچھا کہ ضد یہ کیسی تھی
اسے تلاش کھلونے کی تھی
نہ کپڑوں کی
بلک رہا تھا لگی تھی جو اس کے پیٹ میں آگ
ضرورت اس کو تھی روٹی کی صرف روٹی کی
اب اس کو آپ
ضرورت کہیں کہ ضد کہہ دیں
ہمارے دور کے معصوم کی
یہ خواہش تھی