بہت ہی خاص کہنا ہے ہمیں اک عام کے بارے
بہت ہی خاص کہنا ہے ہمیں اک عام کے بارے
کریں گے صبح باتیں ایک بیتی شام کے بارے
فسوں ہے یہ نظر کی حد ہے سارا جھوٹ نکلا ہے
جو تم کہتے رہے تھے چرخ نیلی فام کے بارے
مجھے بھی ساتھ لے لینا اگر ہو اس طرف جانا
مری بھی رائے لے لینا جفا کے کام کے بارے
ہمیں سکھلا سکیں گے زندگی کے گر زمانے کو
سبھی آغاز سیکھے ہیں کسی انجام کے بارے
تمہیں بس ہم سے الفت ہے یہ دعویٰ مان لیں لیکن
تمہیں ہم کیا بتائیں اپنے ہر ہنگام کے بارے
گریباں چاک نکلے گا نئی رت میں یہی پہلے
سنو مژدہ تم اپنے لالۂ گلفام کے بارے
اگر اس کا تعلق ہے فقط مجھ سے تو اے قاصد
وہ کیوں تحقیق کرتا ہے تمہارے نام کے بارے