انا کا ناز لبادہ اتار کر دیکھو

انا کا ناز لبادہ اتار کر دیکھو
کسی کے واسطے یہ جنگ ہار کر دیکھو


ضرور ہوگا کوئی آس پاس شمع بدست
اندھیری رات سہی تم پکار کر دیکھو


عدو کا ساتھ نبھا کر تو تم نے دیکھ لیا
ہمارے ساتھ بھی کچھ دن گزار کر دیکھو


ہمارا چاند بھی کچھ کم نہیں تم اپنا چاند
بلندیوں سے زمیں پر اتار کر دیکھو


اگرچہ آتا نہیں وہ کسی کے کہنے میں
تم اپنے ڈھنگ سے کوشش تو یار کر دیکھو