اگر پیروں کے چھالے کم نہ ہوں گے

اگر پیروں کے چھالے کم نہ ہوں گے
تو راہوں میں اجالے کم نہ ہوں گے


رہے گی بادلوں کی مہربانی
زمیں پر ندیاں نالے کم نہ ہوں گے


ستارے کم تو ہو سکتے ہیں لیکن
محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے


یہ عاشق ہیں حسیناؤں کی شوکت
یہ مہتابوں کے ہالے کم نہ ہوں گے


سلامت ہے لبوں کی پیاس جب تک
چھلکتے مے کے پیالے کم نہ ہوں گے


کمائی ہوگی جو محنت کی پنچھیؔ
تو روٹی کے نوالے کم نہ ہوں گے