واحد پرست عشق بہ داماں بنا دیا

واحد پرست عشق بہ داماں بنا دیا
کافر نظر نے ہم کو مسلماں بنا دیا


غنچے کو گل تو گل کو گلستاں بنا دیا
ذرے کو تو نے مہر درخشاں بنا دیا


ہم تھے فقط فرشتہ ہی بننے پہ مطمئن
یہ ہے خدا کی دین کہ انساں بنا دیا


دل دے کے دل کو لذت غم دے زہے نصیب
خود درد ہی کو درد کا درماں بنا دیا


اللہ جنون عشق کی معجز نمائیاں
ایماں کو کفر کفر کو ایماں بنا دیا


کس نے سمیٹ کر غم کونین کو سحرؔ
دل کو رہین سوزش پنہاں بنا دیا