اردو کے نام

عشق کا راگ جو گانا ہو میں اردو بولوں
کسی روٹھے کو منانا ہو میں اردو بولوں
بات نفرت کی ہو کرنی تو زبانیں کتنی
جب مجھے پیار جتانا ہو میں اردو بولوں
کسی مرجھاتے ہوئے باغ میں غزلیں پڑھ کر
جب مجھے پھول کھلانا ہو میں اردو بولوں
اس کی خوشبو سے چلا آئے گا کھنچ کر کوئی
جب اسے پاس بلانا ہو میں اردو بولوں
بے ادب بزم میں شائستہ بیانی کر کے
شمع تہذیب جلانا ہو میں اردو بولوں
ایک خاموش سی محفل میں بھی لفظوں سے سحابؔ
جب مجھے آگ لگانا ہو میں اردو بولوں