تمہارے درد کو اپنے اوپر لینے کے لیے
میں محسوس کر سکتی ہوں
تمہارے درد کو
اپنے جسم میں اترتے ہوئے
مگر یقین نہیں کر پاتی
کہ یہ تمہارا ہی درد ہے
گھڑی کی ٹک ٹک کے ساتھ
میں سوچتی رہتی ہوں
تمہارے بستر کے گرد چکر لگا کر
میں اس درد کو اپنے اوپر لینے کے لیے
کیا کیا قربان کر سکتی ہوں
جسمانی راحتیں
سماجی مراعات
جذباتی مسرتیں
ذہنی لطافتیں
یا پوری زندگی بھی
جو بہت قیمتی ہے
اور مجھے بہت پیاری