تم کو چاہا تم کو پوجا

تم کو چاہا تم کو پوجا
کیا یہ میرا پاگل پن تھا


پل میں تولہ پل میں ماشا
ناداں یہ دنیا ہے دنیا


تیرا ہو کر جینا چاہا
میں بھی کتنا دیوانہ تھا


تیرا رتبہ عرش سے اونچا
تجھ کو مجھ سے نسبت ہی کیا


میری تو ہستی ہی کیا تھی
لیکن تو نے کس کو بخشا


تیرا حسن ہے عالم عالم
میرا عشق ہے تنہا تنہا


او منہ پھیر کے جانے والے
دنیا کیا سوچے گی سوچا


قطرے کی اوقات ہی کیا ہے
قطرہ قطرہ دریا دریا


کون اٹھا تیری محفل سے
کس کی عمر کا ساغر چھلکا


اپنا اپنا ذوق نظر ہے
کس کا جلوہ کیسا پردا


تیری عزت محفل محفل
میں شاعر آوارہ رسوا


مانا خاک بسر ہوں پھر بھی
یاد کرو گے یاد آؤں گا


یہ جینا بھی کیا جینا ہے
اس جینے سے مرنا اچھا


دنیا کس کو راس آئی ہے
کس کو راس آئے گی دنیا


ہم نے سدھ بدھ کھو دی عاصیؔ
اس نے اس انداز سے دیکھا