تجارت کے اصولوں میں رواداری بھی ہوتی ہے

تجارت کے اصولوں میں رواداری بھی ہوتی ہے
سبب نقصان کا نا تجربہ کاری بھی ہوتی ہے


کتابیں ہی سلا دیتی ہیں غفلت کے اندھیروں میں
کتابوں ہی سے نسل نو میں بیداری بھی ہوتی ہے


جرائم پیشہ لوگوں سے کوئی خوش بھی نہیں رہتا
جرائم پیشہ لوگوں کی طرف داری بھی ہوتی ہے


تعجب ہے وہاں انصاف کی امید رکھتے ہو
جہاں اکثر اصولوں کی خریداری بھی ہوتی ہے


ضرورت مند لوگوں میں سبھی سائل نہیں ہوتے
فقیروں جیسی کچھ لوگوں میں خودداری بھی ہوتی ہے


یہی آنکھیں سرابوں جیسا منظر پیش کرتی ہیں
انہیں آنکھوں سے اشکوں کی ندی جاری بھی ہوتی ہے


کسی کے قہقہوں پر رشک مت کرنا ریاضؔ اکثر
مسلسل ہنستے رہنا ایک بیماری بھی ہوتی ہے