تفصیل بتانے سے کنارہ ہی کیا ہے

تفصیل بتانے سے کنارہ ہی کیا ہے
کیا چاہتا ہوں اس کو اشارہ ہی کیا ہے


مشکل تھا اگر کوئی تو وہ بیچ میں چھوڑا
آسان ملا مجھ کو تو سارا ہی کیا ہے


اس کا متبادل بھی اسی طرح کا ڈھونڈا
یعنی کہ خسارے پہ خسارہ ہی کیا ہے


جب ایک دفعہ سے نہ ہوئی اتنی تشفی
پھر سارے کے سارے کو دوبارہ ہی کیا ہے


حالانکہ پہنچ سے کہیں باہر ہے یہ پھر بھی
کوئی نہ کوئی ہم نے تو چارہ ہی کیا ہے


ویسا ہی جواب اس کو میں دے سکتا تھا لیکن
وہ کہتا رہا جو بھی گوارا ہی کیا ہے


درپیش قضیے تھے ہمیں اور بھی لیکن
سب چھوڑ کے بس کام تمہارا ہی کیا ہے


بالکل ہی نہ ہونے سے تو کچھ ہونا ہے بہتر
جیسا بھی ملا ہم نے گزارہ ہی کیا ہے