سچائی
سچے کی ہو جے جے کار
جھوٹے کا جیون بے کار
ڈولے ڈگ مگ جھوٹ کی ناؤ
سچائی کا بیڑا پار
نقلی سکہ چل نہ پائے
اصلی کی گھر گھر جھنکار
مشکل پیدا کر دے جھوٹ
سچ ڈھ جائے ہر دیوار
سچ ہے ننھا منا پھول
جھوٹ ہے چبھنے والا خار
جھوٹی بات سے بدبو آئے
سچی بات ہے خوشبو دار
سچ سچائی پر مٹ جائے
ہر پیغمبر ہر اوتار