راز یہ سب پر عیاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا

راز یہ سب پر عیاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا
مجھ کو اک دن رائیگاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا


دل کو میرے تیری حسرت کے ادھورے باب کی
اک مکمل داستاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا


مٹتے مٹتے وقت کے ہاتھوں مجھے بھی آخرش
بے نشانی کا نشاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا


مصلحت پر منحصر تھا سو ہمارے ربط کو
ایک دن تو رائیگاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا


فرق رنگ و نسل کا تھا مجھ میں تجھ میں اس لئے
حائل اس کو درمیاں ہونا ہی تھا سو ہو گیا