نئے چراغ چراغاں تو خیر کیا دیں گے
نئے چراغ چراغاں تو خیر کیا دیں گے
بہت ہوا تو کہیں آگ ہی لگا دیں گے
اگر ہے عشق تو ہم ساتھ لے کے جائیں گے
اگر ہے خواب تو وعدہ رہا بھلا دیں گے
سنا رہیں ہیں یہ اخبار راگ درباری
ہمارے قتل کو بھی حادثہ بتا دیں گے
اداس رات بھی تارے سجا کے رکھتی ہے
اسے ملیں گے تو کچھ ہم بھی مسکرا دیں گے
ابھی تو دل ہی جلاتے ہیں یار سب میرے
پھر ایک دن یہ مرا جسم بھی جلا دیں گے